پاکستان کی توانائی ضرورت کیلئے کاسا 1000 جلد مکمل ہوگا، کرغز سفیر

June 27, 2022

اسلام آباد(اے پی پی)پاکستان میں کرغزستان کے سفیر اولان بیک توتیف نے توقع ظاہر کی ہے کہ پاکستان میں توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور اس شعبے میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے لئے کاسا1000 منصوبے جلد مکمل ہو جائیں گے،،دونوں ممالک کے درمیان تعلقات برادرانہ اور دوستانہ ہیں،کرغزستان اور پاکستان گہری تاریخی، ثقافتی اور مذہبی جڑیں رکھنے والے انتہائی قریبی ممالک ہیں،دونوں ممالک کے عوام تجارتی اور اقتصادی تعاون پر بنیادی توجہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون میں بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ اتوار کو یہاں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کاسا1000منصوبہ، جس کا مقصد موسم گرما میں کرغزستان اور تاجکستان کے ہائیڈرو پاور اسٹیشنوں سے اضافی بجلی افغانستان کی سرزمین سے پاکستان لانا ہے۔کرغزستان سفیر نے کہا کہ یہ بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کا منصوبہ توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے اور علاقائی رابطوں کو مضبوط بنا کر اس کی تمام جماعتوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کی تکمیل کیلئے تیزی سے کام کر رہے ہیں، اس کیساتھ ساتھ، بجلی کی لائنوں کی تعمیر کا عمل بھی جاری ہے۔