وزارت داخلہ کا ایف آئی اے ڈائریکٹر کی ڈیپوٹیشن میں مزید توسیع سے انکار، ایک مقدمے کی ری انوسٹی گیشن بھی واپس لینے کا حکم جاری

June 27, 2022

کراچی (اسد ابن حسن) وزارت داخلہ نے ایف آئی اے میں ڈیپیوٹیشن پر تعینات ڈائریکٹر سردار ظہیر کو انتہائی حد پانچ برس مکمل ہونے اور مزید سات ماہ ایف آئی اے میں تعینات رہنے کے بعد مزید توسیع دینے سے انکار کردیا ہے اور ساتھ ہی انکو تفویض کی گئی ایک مقدمے 9/2016کی دوبارہ تحقیقات سے بھی سبکدوشی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔موصول دستاویزات کے مطابق سیکشن آفیسر ایف آئی اے اسٹیبلشمنٹ محمد بلال یونس نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو مراسلہ تحریر کیا ہے کہ 21مئی 2022ء کو ڈائریکٹر جنرل نے ڈیپیوٹیشن پر ایف آئی اے میں آئے افسر سردار ظہیر کو مقدمہ نمبر 9/2016 کی دوسری مرتبہ فیکٹ فائنڈنگ اور ری انوسٹی گیشن کے لیے انکوائری افسر مقرر کیا تھا مگر کیونکہ انہوں نے ایف آئی اے میں اپنے پانچ برس مکمل کرلیے تھے اور مزید سات ماہ گزر چکے تھے اور اُنہوں نے اپنی ڈیپیوٹیشن میں مزید تجدید کی درخواست کی تھی جس کو وزارت داخلہ نے مسترد کردیا ہے اور ساتھ ہی ان سے انکوائری آفیسر کا چارج بھی واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے اور وہ انکوائری کرنے کے مجاز نہیں رہے ہیں، لہٰذا اب ایک مرتبہ پھر اس انکوائری کو کرنے کیلئے گریڈ 20کے کسی دوسرے افسر کو نامزد کیا جائے۔