عمران خان نے گھر میں جاسوسی آلہ لگانے والے ملازم کو معاف کر دیا، شہباز گل

June 27, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) سابق وزیر اعظم ، چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اقرار جرم پر جاسوسی کا آلہ لگانے کے منصوبے پر عملدرآمد کرنے والے ملازم کو معاف کر دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ ملازم پر بنی گالہ رہائش میں عمران خان کے کمرے میں جاسوسی آلہ لگانے کا الزام تھا۔ ملزم کو کاروبار اور پیسوں کا لالچ دے کر عمران خان کے گھر میں جاسوسی کا آلہ لگانے کا کہا گیا اور دوسرے ملازموں سے رابطہ کرانے کیلئے بھی کہا گیا تاہم ایک اور ملازم کے انکشاف پر جاسوسی کی کوشش ناکام بنا دی گئی ،پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے ٹوئٹر پر لکھا کہ 23 سالہ ملازم کو جاسوسی کیلئے استعمال کیا گیا ، ملازم کی جان کو خطرہ ہے ، عمران خان نے ملازم کو معاف کر دیا ہے ، جاسوسی کیلئے ملازم کا استعمال کرنے والوں کیلئے یہی پیغام ہے کہ گھروں کے تقدس کو پامال نہیں کرنا چاہیے۔ ملازم گزشتہ چھ سال سے عمران خان کے گھر پر صفائی کا کام کرتا تھا۔علاوہ ازیں عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالا ہاؤس سے جاسوسی میں ملوث ہونے کے شبہ میں حراست میں لئے گئے شخص کی شناخت معمہ بن کر رہ گئی ہے،اسلام آباد پولیس کے مطابق مقامی ایک نجی چینل کے رپورٹر نے ایک شخص کو پولیس کے حوالے کیا جو ٹھیک طرح سے بات نہیں کرسکتا،آخری اطلاعات تک اس شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی جا رہی، پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کی جسمانی اور دماغی حالت جاننے کے لئے میڈیکل ٹیسٹ کروایا جائے گا۔