اب مُردوں کی آوازیں سنی جاسکیں گی

June 27, 2022

ورچوئل اسسٹنٹ ٹیکنالوجی ایمیزون الیکسا پر نیا فیچر متعارف ہونے جارہا ہے

حالیہ دور میں آرٹیفشل انٹیلیجنس کی مدد سے ایک ایسا اسپیکر تیار کیا گیا ہے جس کے ذریعے ہم دنیا سے چلے جانے والے اپنے پیاروں کی آواز کو سن سکیں گے۔

ورچوئل اسسٹنٹ ٹیکنالوجی ایمیزون الیکسا پر نیا فیچر متعارف ہونے جارہا ہے جس کے ذریعے کسی کی بھی آواز کی نقل کی جاسکتی ہے۔

ایمیزون کے ’الیکسا اے آئی‘ کے سربراہ سائنسدان روہت پرساد کا کہنا ہے کہ بلا شبہ موجودہ دور مصنوعی ذہانت کا سنہری دور ہے جہاں ہمارے خواب اور سائنس فکشن حقیقت کا روپ اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکسا کا نیا فیچر ایک منٹ سے بھی کم وقت کی ریکارڈ شدہ آڈیو سن کر کسی کی بھی آواز کی نقل کرسکتا ہے۔

سائنسدان روہت پرساد نے کہا کہ عالمی وباء کورونا وائرس کے دور میں جب کئی افراد نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے، ایسے میں اے آئی سسٹمز میں ’انسانی صفات‘ کو شامل کرنا مزید اہم ہوگیا ہے۔

اگرچہ مصنوعی ذہانت اس دکھ کا ازالہ نہیں کرسکتی لیکن وفات پا جانے والوں کی یادوں کو زندہ ضرور رکھ سکتی ہے۔

ایمیزون نے سالانہ ’مارس کانفرنس‘ کے دوران اس نئے فیچر کا ڈیمو پیش کیا۔ تاہم یہ فیچر آزمائشی مراحل میں ہے، یہ عام صارفین کے لیے کب تک دستیاب ہوگا، تاحال اس کا کوئی واضح اعلان نہیں کیا گیا۔