عوام نے پی ٹی آئی، جی ڈی اے کا صفایا کردیا، شرجیل میمن

June 27, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی)، گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور دیگر جماعتوں کا صفایا کردیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ کے ہر ضلع میں پیپلز پارٹی نے بڑی اکثریت سے فتح حاصل کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلدیاتی انتخابات میں مخالفین کو عبرتناک شکست دی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لاڑکانہ میں پیپلز پارٹی نے چاروں ٹاؤن اور ڈسٹرکٹ کونسل میں تاریخی فتح حاصل کی ہے، لاڑکانہ میں میئر اور ڈسٹرکٹ کونسل کا چیئرمین پیپلز پارٹی کا ہوگا۔

خیال رہے کہ جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان شہزاد اقبال کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا تھا کہ بلدیاتی انتخابات پرامن ہوئے ہیں ایک دو واقعات پیش آئے ہیں، دو چار واقعات کو بنیاد بنا کر پورے انتخابی عمل کو دھاندلی زدہ نہیں قرار دیا جاسکتا۔

شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم بتائے کن کن پولنگ اسٹیشنوں پر دھاندلی ہوئی ان پر دوبارہ پولنگ کرالیتے ہیں۔

واضح رہے کہ سندھ کے 14 اضلاع میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے بھاری اکثریت سے جیت لیے، تقریباً تمام ہی اضلاع میں ووٹروں نے تیر پر بڑھ چڑھ کر ٹھپّے لگائے، دوسرے امیدواروں کو بہت ہی کم حلقوں میں فتح حاصل ہوسکی۔

غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق میونسپل کمیٹیوں میں اب تک کل 354 میں سے 302 نشستوں کے نتائج سامنے آچکے، جن میں سے پیپلز پارٹی نے 239 نشستیں جیت لیں۔

ٹاؤن کمیٹیوں میں بھی پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی، کُل 694 نشستوں میں سے پیپلز پارٹی نے اب تک غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق 413 نشستیں جیت لیں۔