ابرار الحق نے ’نچ پنجابن‘ چوری کرنے پر برطانوی کمپنی کو قانونی نوٹس بھیج دیا

June 27, 2022

فائل فوٹو

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار ابرارالحق نے اُن کا گانا ’نچ پنجابن‘ چوری کرنے پر برطانوی کمپنی کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر کا رُخ کرتے ہوئے ابرارالحق نے کہا کہ ’برطانیہ میں میرے وکلاء نے میرے گانے ’نچ پنجابن‘ کے غلط استعمال کے حوالے سے مووی باکس کو قانونی نوٹس جاری کیا ہے‘۔

گلوکار ابرارالحق نے مزید کہا کہ ’وہ آنے والے دنوں میں اپنے مداحوں کو اس کیس سے متعلق مزید اپڈیٹس دیں گے‘۔

واضح رہے کہ پاکستان کے معروف گلوکار ابرارالحق کا مشہور گانا ’نچ پنجابن‘ بھارتی فلم جُگ جُگ جیو میں کاپی کیا گیا، جس پر گلوکار نے فلم کے پروڈیوسر کرن جوہر اور ٹی سیریز کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کرنے کا اعلان کیا تھا۔

کرن جوہر نے مقبول گانے ’نچ پنجابن‘ کی چوری تسلیم کرتے ہوئے کریڈٹس میں ابرارالحق کا نام شامل کردیا تھا لیکن ابرارالحق نے گانا چوری کرنے پر قانونی کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔