الیکشن کمیشن کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت

June 27, 2022

—فائل فوٹو

لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست منظور کر لی۔

عدالتِ عالیہ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو پنجاب اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر نوٹیفکیشن جاری کرنے کی ہدایت کر دی۔

لاہور ہائی کورٹ نے سماعت مکمل ہونے کے بعد درخواستیں منظور کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔

عدالت کے روبرو درخواست گزاروں پی ٹی آئی کی زینب عمر، سیموئیل یعقوب سمیت دیگر نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے منحرف ہونے والے پارٹی ممبرانِ صوبائی اسمبلی کو ڈی سیٹ کر دیا، ان میں مخصوص نشستوں پر کامیاب ہونے والے اور مخصوص نشستوں پر منتخب ہونے والے ممبران صوبائی اسمبلی بھی شامل تھے۔

درخواست گزاروں نے مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن کمیشن ڈی سیٹ ہونے والے اراکین کی جگہ نئے اراکین کا نوٹیفکیشن جاری نہیں کر رہا، الیکشن کمیشن قانون اور رولز کی خلاف وزری کر رہا ہے۔

درخواست گزاروں کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کو نوٹیفکیشن جاری کرنے کے لیے خط بھی لکھا گیا، عدالت میں یقین دہانی کے باوجود الیکشن کمیشن فیصلہ نہیں کر رہا۔

درخواست گزاروں کی جانب سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالت فوری الیکشن کمیشن کو مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے۔