جے یو آئی (ف) کا ’زرداری بھگاؤ سندھ بچاؤ‘ تحریک شروع کرنے کا اعلان

June 27, 2022

جمعیت علماء اسلام (ف) نے سندھ میں ’زرداری بھگاؤ سندھ بچاؤ‘ تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں بدنظمی اور دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے رہنما راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہہم اس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے گھر کے 14 ووٹ کل ووٹر لسٹ میں نہیں تھے۔ ہمارے کارکنان پر تشدد کیا گیا۔

راشد سومرو نے مزید کہا کہ کارکنوں کے خلاف 2 دہشتگردی کی ایف آئی آر کاٹی گئیں جبکہ سوال اٹھایا کہ پولنگ کے دن رینجرز کہاں تھی؟

رہنما جے یو آئی (ف) نے کہا کہ کارکنوں کے زخمی، ایف آئی آر والے معاملے کے بعد وفاقی اتحاد پر غور کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’زرداری بھگاؤ سندھ بچاؤ تحریک‘ شروع کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان تمام صورتحال سے واقف ہیں۔

راشد محمود سومرو نے کہا کہ جو بدمعاشی ہمارے ساتھ کی گئی اس کی بھی ایف آئی آر کاٹی جائے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پولیس نے ہماری ایف آئی آر نہیں کاٹی تو ہم احتجاج کا حق رکھتے ہیں۔