عدنان سمیع خان نے حیران کن حد تک خود کو تبدیل کرلیا

June 28, 2022

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ میں شہرت حاصل کرنے والے پاکستانی نژاد بھارتی گلوکار عدنان سمیع کا سال 2000میں ریلیز ہونے والا گانا ’مجھ کوبھی تولفٹ کرادے‘ اور اس پر ان کا ’فنی‘ سا ڈانس آج بھی لوگوں کونہ صرف یاد ہے بلکہ بے حد پسند بھی کیا جاتا ہے۔ ان کے اس گانے نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچادیا۔

عدنان سمیع اپنے بیٹے کی اداکاری دیکھ کر حیران


جہاں ایک طرف ان کے گانے ان کی پہچان بنے وہیں ان کا ’موٹاپا‘ بھی لوگوں کو بھا گیا اور عدنان سمیع کوایسے ہی پسند کیا جانے لگا لیکن اب عدنا ن سمیع کی تازہ ترین تصاویر سوشل میڈیا پر کافی شئیر کی جا رہی ہیں ،جس میں انہوں نے اپنا وزن حیران کن حد تک کم کرکے مداحوں کو حیرت میں ہی ڈال دیا۔

عدنان سمیع ان دنوں چھٹیاں گزارنے اپنی فیملی کے ہمراہ مالدیپ گئے ہوئے ہیں جہاں انہوں ںے سیر وتفریح کرتے ہوئے مختلف تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں۔ گلوکار نے خود کو حیران کن حد تک تبدیل کرلیا ہے جس کی وجہ سے کئی پرستاروں نے انہیں پہچاننے سے انکار کردیا اور تصویر کے کومنٹ باکس میں لکھا کہ ’’آپ عدنان سمیع نہیں کوئی اور ہیں‘‘۔

عدنان ماضی میں اپنے بھاری وزن اور موٹاپے کی وجہ سے پریشان رہتے تھے بعد ازاں انہوں نے اپنے جسم پر کام کرنا شروع کیا اور محنت سے 155کلو تک وزن کم کیا۔گلوکار کی حالیہ ظاہری تبدیلی میں مزید بہتری آئی ہے اور وہ ایک کم عمر نوجوان لگ رہے ہیں۔