امریکی شہریوں کو کھلے عام مسلح رہنے کی اجازت مل گئی

June 28, 2022

واشنگٹن ( نیوزڈیسک) امریکی عدالت عظمیٰ نے نیویارک کے ریاستی قانون کو کالعدم قرار دیتے ہوئے شہریوں کو عوامی مقامات پر بھی اسلحہ لے کر چلنے کی اجازت دے دی۔ یہ فیصلہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکہ میں عوامی مقامات پر لوگوں پر اندھا دھند فائرنگ کے کئی واقعات پیش آچکے ہیں۔ 3کے مقابلے میں 6ججوں کی اکثریت سے دیے گئے فیصلے کے بعد خیال کیا جارہا ہے کہ نیویارک ، لاس اینجلس اور بوسٹن جیسے بڑے شہروں میں اب کہیں زیادہ لوگ اسلحہ لے کر گھومیں گے۔ نیو یارک کے 1913 ء کے قانون کے مطابق اگر کوئی شخص عوامی مقام پر اسلحہ لے کر گھومنے کی اجازت چاہتا ہے تو اسے اس کے لیے ٹھوس وجہ بتانی پڑتی ہے۔ نیویارک کے علاوہ امریکا کی 6دیگر ریاستوں میں بھی اسی سے ملتے جلتے قوانین موجود تھے۔