تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صحافیوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہے، تاج محمد رند

June 28, 2022

پشاور ( جنگ نیوز )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے محکمہ مال و ارضیات تاج محمد خان ترند نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی پریس گیلری کے انتخابات کے نومنتخب صدر گلزار محمد خان، جنرل سیکرٹری رسول داوڑ اور کوارڈینیٹر ارسلان جنید سمیت تمام کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت صحافت اور صحافیوں کی ترقی کیلئے کوشاں ہے، مثبت صحافت سے حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔ تاج محمد خان ترند نے کہا ہے کہ نو منتخب اراکین کا انتخاب مثبت اور غیر جانبدارانہ صحافت کے تسلسل کیلئے نیک شگون ہے اور اس عمل سے خیبرپختونخوا کی صحافت کو مزید داوم ملے گا۔معاون خصوصی نے کہا ہے کہ صحافیوں کی اہمیت موجودہ ملکی حالات میں مزید بڑھ چکی ہے اور نومنتخب اراکین صحافت اور صحافی برادری کے حقوق و جمہوریت کی مضبوطی کیلئے ہر ممکن کوششیں جاری رکھیں گے۔تاج محمد خان ترند نے کہا کہ صوبائی حکومت کی کوشش ہے کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعے عوام تک حکومت کا وژن پہنچائے اور میڈیا کے ذریعے ہی عوامی مسائل اور فیڈبیک سے باخبر رہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے پر عزم ہے۔