بھارتی فوجی نے اپنے دو ساتھیوں کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا

June 28, 2022

فوٹو: فائل

بھارتی فوجی اہلکار نے فائرنگ کرکے اپنے ہی دو ساتھیوں کو ہلاک کردیا، یہ واقعہ پنجاب کے ضلع پٹھان کوٹ میں پیش آیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 22 سالہ سپاہی نے پیر کے روز دو حوالداروں کو فائرنگ کرکے ہلاک کیا۔

پولیس کے مطابق ملزم چار سال سے فوج میں خدمات سرانجام دے رہا ہے۔

ساتھی فوجی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا لیکن اسے گرفتار کرلیا گیا۔

ایک نائیک رینک کے فوجی اہلکار نے پولیس میں شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ جس وقت فائرنگ کا واقعہ پیش آیا وہ اور دیگر اہلکار سو رہے تھے۔

فائرنگ کے بعد انہوں نے اپنے سینئر افسران کو واقعے کی اطلاع دی اور زخمیوں کو پٹھان کوٹ کے اسپتال لے کر گئے لیکن ڈاکٹروں نے دونوں کو مردہ قرار دے دیا۔

پولیس اور بھارتی فوج نے ملزم کی گرفتاری کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کردیا۔

ملزم کو کنٹونمنٹ کے علاقے سے چند کلومیٹر کے فاصلے پر ہی گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔