جاپان: پاکستانی نژاد جاپانی شہری عقیل بخاری نے کِک باکسنگ کا اہم ٹائٹل جیت لیا

June 28, 2022


پاکستانی نژاد جاپانی شہری عقیل بخاری نے جاپان میں کِک باکسنگ کا اہم ٹائٹل جیت کر ملک کا نام روشن کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جاپان کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت حسن بخاری کے صاحبزادے عقیل بخاری جاپان کے کِک باکسنگ کے شعبے میں تیزی سے اپنا مقام بنا رہے ہیں۔

اس حوالے سے گزشتہ دنوں کِک باکسنگ کا اہم ٹورنامنٹ K-1 Krush 138 کا انعقاد ہوا جس میں 24 سے زائد بہترین پہلوانوں نے شرکت کی۔

اس ٹورنامنٹ میں اپنی ناقابلِ شکست پرفارمنس سے عقیل بخاری نے یہ ٹورنامنٹ جیت لیا۔

ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں عقیل بخاری نے اپنے مخالف حریف کو زبردست مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

عقیل بخاری کے والد حسن بخاری نے اس حوالے سے ’جنگ‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عقیل بخاری نے اپنے شوق سے اس مشکل کھیل کا انتخاب کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ بطور والدین میں اور میری اہلیہ بھی عقیل کے حوالے سے فکر مند رہتے ہیں تاہم اس بات پر خوش ہیں کہ وہ کامیابی حاصل کرتا ہے اور پاکستان اور جاپان کا نام روشن کر رہا ہے۔