حکومت گرفتار کرنا چاہتی ہے کرلے، عمران خان کے ساتھ نکلوں گا، شیخ رشید

June 28, 2022

فوٹو: فائل

سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان کو سامراجی طاقتوں کے کہنے پر ڈراپ کروایا گیا، حکومت مجھے گرفتار کرنا چاہتی ہے تو کر لے، جلسے کے لیے عمران خان کے ساتھ نکلوں گا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ یہ لوگ مہنگائی کنٹرول کرنے آئے تھے لیکن مہنگائی نے انہیں کنٹرول کرلیا۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں 2 وزرائے خارجہ، 2 وزیر خزانہ اور 2 وزرائے اعظم ہیں۔

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ جمہوریت کو جھاڑو پھرنے سے بچانے کے لیے الیکشن ضروری ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 25 کروڑ روپے لینے والوں نے جمہوریت کا منہ کالا کیا۔ مسلم لیگ (ن) کے سپورٹرز بدل چکے ہیں، اب وہ پی ٹی آئی کو ووٹ دیں گے۔

شیخ رشید نے خبردار کیا کہ الیکشن میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو ہرانے کی کوشش نہ کریں، جولائی کا مہینہ اور 45 دن بہت اہم ہیں۔

انہوں نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے متعلق سوال اٹھایا کہ انہیں پاسپورٹ جاری ہوچکا ہے تو وہ اب واپس کیوں نہیں آرہے؟

انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے نوازشریف کی سیاست کا جنازہ نکال دیا ہے، امید ہے اکتوبر میں الیکشن ہوں گے، عمران خان اقتدار سے اتر کر بھی خوش ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے تعلقات ٹھیک کرنے چاہئیں،اداروں کے ساتھ تعلقات بہتر اور غلط فہمیاں دور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے کیسز ختم کروانے کے لیے جوتے پالش کیے، لیکن یہ کیسز ختم نہیں ہوں گے۔