آرمی چیف سے برطانوی فوج کے 12 رکنی سکھ فوجی وفد کی ملاقات

June 28, 2022

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے برطانوی فوج کے 12 رکنی سکھ فوجی وفد نے میجر جنرل سیلیا جے ہاروے کی قیادت میں ملاقات کی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام مذاہب کا احترام کرتا ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ملک میں مذہبی سیاحت کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرتارپور راہداری مذہبی آزادی اور ہم آہنگی کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا عملی اظہار ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی سکھ فوجی وفد نے لاہور کا دورہ کیا، واہگہ بارڈر پر پرچم اتارنے کی تقریب بھی دیکھی۔

مہمان فوجی وفد نے لاہور قلعہ، علامہ اقبال میوزیم اور بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق برطانوی سکھ فوجی وفد نے پاکستان میں مختلف مذہبی مقامات کا دورہ کیا۔

وفد نے دربار حضرت میاں میر، حویلی نونہال سنگھ، گوردوارہ جنم استھان گرو رام داس کا دورہ کیا۔

فوجی وفد سمادھی رنجیت سنگھ، گوردواری ڈیرہ صاحب، کرتار پور راہداری، ننکانہ صاحب اور ڈیرہ پنجہ صاحب بھی گیا۔

برطانیہ سے آئے فوجی وفد نے ضلع اورکزئی کا بھی دورہ کیا، سمانہ قلعہ، لاک ہارٹ فورٹ اور سارہ گڑھی یادگار کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق برطانوی فوجی وفد نے سارہ گڑھی یادگار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور قبائلی اضلاع میں امن کے لیے پاکستان کی مسلح افواج کی کوششوں کو سراہا۔