قومی کنونشن برائے انتخابات، فافن نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا

June 29, 2022

اسلام آبا د( نامہ نگار) قومی کنونشن برائے انتخابات میں فافن نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیاہے جس میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ نادرا خواتین ، خواجہ سرا ءاور افراد باہم معذوری کیلئےپہلی دفعہ بغیرفیس قومی شناختی کارڈ بنوانے کی پالیسی کو نافذ العمل کروائے، نادرا خواجہ سرا ئوں کے شناختی کارڈ بنانے میں درپیش مشکلات کو فوری طور پر ختم کرنے کیلئے اقدامات کرے اس ضمن میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر من و عن عمل کیا جائے، نمایاں معذوری کے حامل افراد کو خصوصی نشان والے قومی شناختی کارڈ کے اجرا کیلئے محکمہ سوشل ویلفیئر کی جانب سے جاری کردہ سپیشل سرٹیفکیٹ کی شرط ختم کرنے کیلئے قانون سازی کی جائے ، صوبائی حکومتیں سپیشل سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا طریقہ کار ون ونڈو آپریشن کے ذریعے آسان اور باسہولت بنائیں، انتخابی حلقوں کے اندر ان انتخابی علاقوں کی نشاندہی کی جائے جہاں گزشتہ انتخابات میں خواتین کا ووٹر ٹرن آؤٹ بہت کم رہا ہو تاکہ ایسے علاقوں میں خواتین ووٹروں کیلئے ووٹ ڈالنے کی اہمیت پر مبنی مہم چلائی جا سکے نیز ایسے علاقے جہاں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا جاتا ہو وہاں اس عمل کی قانونی سزا مشتہر کی جائے ایسے علاقے جہاں پولنگ سٹیشنوں کا قیام ووٹروں کے انتخابی علاقے سےایک کلومیٹر کی حدود میں ممکن نہ ہو وہاں زیادہ فاصلہ پر پولنگ سٹیشن قائم کرنے کے بجائے بالخصوص خواتین کیلئے عارضی پولنگ سٹیشنزقائم کئے جائیں۔