ایگزیکٹو الاؤنس بنیادی تنخواہ کے ڈیڑھ گنا کی شرح سے دیا جائیگا

June 29, 2022

اسلام آباد (مہتاب حیدر) وفاقی کابینہ کے اجلاس کے آفیشل منٹس اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ ایگزیکٹو الاؤنس وفاقی سیکرٹریٹ، صدر سیکرٹریٹ، وزیر اعظم کے دفتر اور آئی سی ٹی فیلڈ ایڈمنسٹریشن میں BPS-17 سے BPS-22 میں کام کرنے والے افسران کو 1 جولائی 2022 سے بنیادی تنخواہ کے ڈیڑھ گنا کی شرح سے دیا جائے گا۔ حال ہی میں جاری ہونے والے بجٹ کے موقع پر 10 جون 2022 کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے منٹس پڑھنے سے پتہ چلتا ہے کہ یہ تمام صوبائی حکومتوں کی جانب سے دیے گئے الاؤنس کے مطابق دیا جائے گا۔ رابطہ کرنے پر ایک سینئر عہدیدار نے بتایا کہ یہ کابینہ کی منظوری کے لیے پیش کی گئی بجٹ تجاویز کا حصہ تھے اور منظور کر لیے گئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاہم میرا اندازہ ہے کہ اسے موثر ہونے کے لیے بجٹ میں منظور کرنا پڑے گا۔ شاید وفاقی سیکرٹری خزانہ واضح کرنے کی بہتر پوزیشن میں ہوں گے۔ وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کابینہ نے وفاقی سیکرٹریٹ کے BS-17 سے BS-22 تک کے افسران کو صوبوں کے برابر لانے کے لیے ایگزیکٹو الاؤنس کی منظوری دی۔ انہیں ایگزیکٹو الاؤنس یا ڈسپیرٹی ریڈکشن الاؤنس 2022 کا انتخاب کرنا ہوگا۔