عمران خان امپائر کی سرپرستی کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا، تجزیہ کار

June 29, 2022

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال کیا لاہور ہائیکورٹ کو پنجاب میں دوبارہ انتخابات کا حکم دینا چاہئے؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ حکومت کو عمران خان سے نہیں ڈرنا چاہئے وہ امپائر کی سرپرستی کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا.

ایک دوسرے سوال پر تجزیہ کاروں نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنی انتخابی مہم میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کو حکومت کیخلاف استعمال کرے گی۔

ارشاد بھٹی نے کہا کہ حیرانگی کی بات ہے کہ حمزہ شہباز کس طرح اب تک وزیراعلیٰ ہیں، کیا اس ملک میں کوئی آئین و قانون نہیں ہے، باپ اور بیٹے پر فرد جرم عائد ہونی تھی لیکن وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بن گئے.

پچیس منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد حمزہ شہباز کی وزیراعلیٰ رہنے کی گنجائش نہیں رہ جاتی، حمزہ شہباز غیرقانونی وزیراعلیٰ ہیں ان کی کابینہ اور بجٹ غیرقانونی ہے، حمزہ شہباز کو دھونس دھاندلی سے حکومت بنانے پر سزا بھی دینی چاہئے۔سلیم صافی کا کہنا تھا کہ موجودہ اسمبلیاں کل بھی جعلی تھیں آج بھی جعلی ہیں.

لیڈر آف دی ہاؤس بدلنے سے اسمبلی اصلی نہیں ہوجاتی،پی ٹی آئی حکومت کے بعد موجودہ نظام بھی چلتا نظر نہیں آرہا ہے، سندھ میں جے یو آئی نے پیپلز پارٹی کی دھاندلی کیخلاف دھرنے دیئے ہوئے ہیں، حکومت کو عمران خان سے نہیں ڈرنا چاہئے وہ امپائر کی سرپرستی کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا۔

بینظیر شاہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پنجاب میں وزیراعلیٰ کا دوبارہ الیکشن ہی حل ہے، ن لیگ کو اعتماد حاصل کرنے کیلئے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنا ہوگی.

خصوصی نشستیں خالی ہوں تو اسے جلد از جلد بھردینا چاہئے، پنجاب اسمبلی میں 20نشستیں خالی ہیں اس صورتحال میں الیکشن کمیشن کا موقف درست تھا کہ جلد از جلد ضمنی انتخابات کروائے جائیں، ن لیگ تمام بیس نشستیں جیت جاتی ہے تو پی ٹی آئی کو پانچ مخصوص نشستیں کیسے دی جاسکتی ہیں۔