دعا زہرا کی عمر کے تعین کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل، عدالت کو آگاہ کردیا گیا

June 29, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت کو پسند کی شادی کرنے والی دعا زہرا کے مبینہ اغوا سے متعلق مقدمہ میں سیکرٹری صحت نے دعا زہرا کی عمر کے تعین سے متعلق اسپیشل میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر آگاہ کردیا۔ دوسری جانب دعا زہرا کے والد سید مہدی کاظمی نے کیس کے تفتیشی افسر کی تبدیلی سے متعلق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت میں درخواست دائر کردی۔ جس میں موقف اپنایا گیا کہ موجودہ تفتیشی افسر کا رویہ جانبدارانہ نظر آتا ہے تبدیل کیا جائے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کو جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو دعا زہرا کے مبینہ اغوا سے متعلق مقدمے کی سماعت ہوئی۔ سیکرٹری صحت نے دعا زہرا کی عمر کے تعین سے متعلق اسپیشل میڈیکل بورڈ تشکیل دے کر عدالت کو آگاہ کردیا۔ سیکرٹری صحت کی جانب سے بتایا گیا کہ مدعی مقدمہ مہدی کاظمی کے وکیل نے دعا زہرا کی عمر کے تعین کیلئے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا خط لکھا تھا۔ مدعی کے وکیل کی جانب سے عدالتی احکامات بھی ارسال کیے گیے تھے۔ میڈیکل بورڈ دعا زہرا کی عمر کا تین دن میں تعین کرکے عدالت اور محکمے کو آگاہ کریگا۔ میڈیکل بورڈ کی سربراہی ڈاؤ میڈیکل کی پرنسپل پروفیسر صبا سہیل کریں گی۔