اس سال کراچی میں پارکوں کی بحالی پر کام کیا، مرتضیٰ وہاب

June 29, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ اس سال کراچی میں پارکوں کی بحالی پر کام کیا، ضلع وسطی میں 100 پارکوں میں سے 40 کو بحال کردیا گیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جہاں کام کرتے ہیں وہاں رکاوٹوں اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، ہر چیز کے اچھے اور برے پہلو ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے جس کو منتخب کیا وہ ہمیشہ کہتا تھا کہ اختیارات نہیں، ہم نے یہ تاثر ختم کیا اور ثابت کیا کہ یہ ہمارا شہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر ادارہ جس کا بلدیات سے تعلق ہے، وہ سڑک پر موجود ہے، بارش کے دوران جہاں پانی کے نکاسی کا مسئلہ ہوا وہاں سب پہنچے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بارش کے دوران ناگن چورنگی اور کے ڈی اے چورنگی پر پانی جمع نہیں ہوا، ایڈمنسٹریٹر اور میئر کوئی بھی ہو ہمیشہ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کا یہ بھی کہنا تھا کہ 1927 کو بنے برنس گارڈن کا کسی کو پتا نہیں تھا آج وہاں پورا شہر جاتا ہے، کڈنی ہل پر ڈیڑھ لاکھ پودے لگائے گئے۔