کہیں نہیں جا رہا، کیا اسٹیمپ پیپر پر لکھ دوں، رمیز راجا

June 29, 2022

اسکرین گریب

چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کا کہنا ہے کہ کپتان کو اختیار دینے کے اچھے نتائج مل رہے ہیں، میری چیئرمین شپ پر مزید کتنے سوالات اٹھیں گے ؟، مجھے پتہ ہے میں کہیں نہیں جا رہا، کیا اسٹیمپ پیپر پر لکھ دوں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی رمیز راجانے کہا کہ یہ ہمارے لیے کرکٹ کا بمپر سیزن ہے، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں پاکستان آرہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 30 سال میں اتنا مصروف اور ٹف سیزن نہیں آیا جیتنا اس بار آیا ہے، ایشیا کپ، ورلڈ کپ بھی اسی سیزن میں شامل ہے۔

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں پچز کی خامیاں سامنے آئیں، خوشی ہے پچز پر کام شروع ہوچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 13 سال بعد نیشنل اسٹیڈیم کی پچز کے اسکوائر پر کام کیا جا رہا ہے۔

پی سی بی چیرمین نے کہا کہ پاتھ وے پروگرام میں 30 ہزار ماہانہ بھی دیا جائے گا، پراجیکٹ کا مطلب صرف کرکٹر ہی نکالنا نہیں بلکہ زندگیاں بدلنا ہے۔

رمیز راجا کا کہنا تھا کہ کرکٹ کو عزت دیں گے تو لوگ ہمیں عزت دیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پاکستان جونیئر لیگ (جے پی ایل) میں 6 فرنچاٸز کے لیے 30 کمپنیوں نے اظہار دلچسپی کیا ہے،اُمید ہے پاکستان جونیئر لیگ بہت کامیاب ہوگی، پی سی بی پہلا بورڈ ہے جو جونیئر لیگ کرا رہا ہے۔

رمیز راجا نے بتایا کہ پاکستان جونیئرلیگ کیلئے شاہد آفریدی، شعیب ملک، ڈیرن سیمی آئیکون پلیئر ہوں گے، جبکہ سابق کپتان جاوید میانداد کو بھی جونیئر لیگ میں شامل کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جاوید میانداد جونیٸر پریمیٸر لیگ کو سپر وائز کریں گے،ان سے بہتر بیٹسمین کوئی نہیں ہے۔

رمیز راجا نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ (کے پی ایل) والوں سے کچھ چیزیں مانگی ہیں، وہ چیزیں دے دیں تو ہم کلیئرنس دے دیں گے۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ مجھےپتہ ہے میں کہیں نہیں جا رہا، کیا اسٹیمپ پیپر پر لکھ دوں، مجھے پتہ ہے آپ لوگ چاہتے ہیں کہ میں چلا جاؤں۔

رمیز راجا نے کہا کہ میں نے بورڈ میں اتنے پنگے لیے ہیں کہ اب کمنٹری تو نہیں ملنی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اسٹیڈیم کے لیے سی ڈی اے کے پیچھے لگے ہوئے ہیں، ہم فینز کو سیڑھیوں پر بٹھا کر ان کے ساتھ ناانصافی کر رہے ہیں۔

رمیز راجا نے کہا کہ کراچی میرا فیورٹ ہے، یہاں میرا ڈیبیو ہوا اور یہاں میں نے بہت رنز کیے ہیں۔