ضمنی انتخاب پر MQM پاکستان اور فاروق ستار میں مذاکرات

June 29, 2022

ڈاکٹر فاروق ستار —فائل فوٹو

کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 کے ضمنی انتخاب کے معاملے پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور ڈاکٹر فاروق ستار کے درمیان مذاکرات جاری ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈاکٹر فاروق ستار ضمنی انتخاب آزاد امیدوار کی حیثیت سے لڑنے کے خواہش مند ہیں۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار پر پتنگ کے نشان پر ضمنی انتخاب میں حصہ لینے پر زور دیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم سے انہیں آزاد امیدوار کے طور پر سپورٹ کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کے جواب کا انتظار ہے۔

واضح رہے کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے 2018ء کے عام انتخابات میں ایم کیو ایم کے امیدوار کے طور پر حصہ لیا تھا۔

فاروق ستار 2018ء میں اس حلقے این اے 245 سے دوسرے نمبر پر آئے تھے۔

2018ء کے عام انتخابات میں اس حلقے سے پی ٹی آئی کے رہنما ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کامیاب ہوئے تھے۔

عامر لیاقت حسین کے انتقال سے یہ نشست خالی ہوئی ہے، جہاں پولنگ بدھ 27 جولائی کو ہو گی۔