ٹرینوں، بسوں، ہوائی سفر میں ماسک لازمی قرار دیدیا: عبدالقادر پٹیل

June 29, 2022

وفاقی وزیرِ صحت عبدالقادر پٹیل —فائل فوٹو

وفاقی وزیرِصحت عبدالقادر پٹیل کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث ٹرینوں، بسوں اور ہوائی سفر کے دوران ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

یہ بات وفاقی وزیرِصحت عبدالقادر پٹیل نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں کہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جب تک کورونا ہے، ہمیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی، مذہبی اجتماعات سے متعلق بھی غور کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیرِصحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے خدشات موجود ہیں، فیصلہ کیا گیا ہے کہ کورونا کے ٹیسٹ بڑھائے جائیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ اب تک صرف ان لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں علامات تھیں، کورونا بوسٹر ویکسینیشن سے متعلق مہم بھی دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔

وفاقی وزیرِصحت عبدالقادر پٹیل کا مزید کہنا ہے کہ 12 سال سے کم عمر کے بچوں کی بھی کورونا وائرس کی ویکسینیشن جلد شروع ہو جائے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عید الاضحیٰ کے سلسلے میں لگنے والی مویشی منڈیوں میں بھی کورونا وائرس کی ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانا ہو گا۔