کورونا کیسز میں اضافہ، وزیر اعظم کی قوم سے SOPs پر عمل کی اپیل

June 29, 2022

فوٹو: سوشل میڈیا

وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم سے اپیل کی ہے کہ کورونا سے متعلقہ ہدایات اور ایس او پیز پر عمل کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد پھر سے بڑھ رہی ہے۔

وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارے فرنٹ لائن ورکرز اور ڈاکٹرز نے ہمیں محفوظ رکھنے کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کورونا کے خلاف حاصل کی جانے والی کامیابیوں کو ضائع نہیں کرنا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت کورونا وائرس کی وباء کو قابو کرنے کے لیے بنائے گئے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کا اہم اجلاس منعقد ہوا تھا، جس میںاین سی او سی کو مکمل بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز میں مسلسل اضافہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 50 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 50 ویں نمبر پر ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک اور کورونا مریض فوت ہو گیا۔

پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 541 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، مزید 129 مریض اس سے شفایاب ہو گئے۔

ملک بھر میں اب تک 30 ہزار 393 کورونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس کے کُل مریضوں کی تعداد 15 لاکھ 35 ہزار 144 ہو چکی ہے۔