تنخواہ دارطبقے کیلئے نئی ٹیکس شرح سے متعلق ترمیم منظور

June 29, 2022

فائل فوٹو

قومی اسمبلی نے تنخواہ دار طبقے کے لیے نئی ٹیکس شرح سے متعلق ترمیم منظور کر لی۔

قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف کی زیرِ صدارت منعقدہ اجلاس میں منظور کی گئی ترمیم کے مطابق ماہانہ 50 ہزار روپے تک تنخواہ لینے والوں پر کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا جبکہ ماہانہ 50 ہزار روپے سے 1 لاکھ روپے تک تنخواہ لینے والوں پر 2.5 فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد ہوگا۔

ترمیم کے مطابق ماہانہ 1 سے 2 لاکھ روپے تنخواہ والوں پر 15 ہزار روپے فکس ٹیکس سالانہ جبکہ 1 لاکھ روپے سے اضافی رقم پر 12.5 فیصد کی شرح سے ماہانہ ٹیکس عائد ہو گا اور ماہانہ 2 سے 3 لاکھ روپے تنخواہ لینے والوں پر 1 لاکھ 65 ہزار روپے سالانہ جبکہ 2 لاکھ روپے سے اضافی رقم پر 20 فیصد ماہانہ ٹیکس عائد ہوگا۔

قومی اسمبلی سے منظور کی گئی ترمیم کے مطابق ماہانہ 3 سے 5 لاکھ روپے تنخواہ لینے والوں پر 4 لاکھ 5 ہزار روپے سالانہ جبکہ 3 لاکھ روپے سے اضافی رقم پر 25 فیصد ماہانہ ٹیکس عائد ہوگا اور ماہانہ 5 سے 10 لاکھ روپے تنخواہ لینے والوں پر 10 لاکھ روپے سالانہ اور 5 لاکھ روپے سے اضافی رقم لینے والوں پر 32 اعشاریہ 5 فیصد کی شرح سے ٹیکس عائد ہوگا۔

ترمیم کے مطابق ماہانہ 10 لاکھ روپے سے اضافی رقم پر 35 فیصد ٹیکس عائد ہو گا۔