توشہ خانہ پر عمران خان نے جو نقصان کیا، ازالے کیلئے قانونی کارروائی کی جائی گی،طلال چوہدری

June 29, 2022

فوٹو فائل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ سے تین گھڑیاں فروخت کرنے کے معاملے پر کہا ہے کہ انہوں نے ملک کا جو نقصان کیا ہے اس کے ازالے کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے حکمرانوں نے ہمیشہ قوم سے جھوٹ بولے ہیں، پہلے گھڑیوں کا معاملہ قوم سے یہ کہہ کر چھپایا کہ قومی سلامتی کا معاملہ ہے۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانے سے 15 کروڑ 40 لاکھ روپے کی تین قیمتی گھڑیاں اسلام آباد کے واچ ڈیلر کو فروخت کیں اور مجموعی طور پر 3 کروڑ 60 لاکھ روپے کمائے۔

یہ تینوں گھڑیاں مشرق وسطیٰ کے خلیجی جزیرے کے شاہی خاندان کے ایک فرد اور اسی جزیرے کے ایک معزز شخص نے دی تھیں، یہ ان گھڑیوں کے علاوہ ہیں جو پہلے میڈیا میں رپورٹ ہوئی تھیں۔