ترکی نے ویٹو واپس لے لیا، فن لینڈ اور سوئیڈن کی نیٹو رکن بننے کی راہ ہموار

June 29, 2022

نیٹو جنرل سیکرٹری اور ترکی، فن لینڈ، سوئیڈن کے سربراہان اجلاس میں موجود ہیں۔

فن لینڈ اور سوئیڈن کی طرف سے مغربی ممالک کے فوجی اتحاد نیٹو میں شمولیت کے فیصلے پر ترکی نے اپنا ویٹو واپس لے لیا ہے۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ اہم پیشرفت اسپین کے شہر میڈرڈ میں جاری نیٹو سمٹ میں چار گھنٹے کی گفت و شنید کے بعد ہوئی۔

ترکی کی طرف سے ویٹو کا فیصلہ واپس لینے کے بعد فن لینڈ اور سوئیڈن نیٹو میں شمولیت کے لیے اپنی درخواست پر مزید کارروائی کرسکیں گے۔

فن لینڈ کے صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ تینوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کے مطابق ترکی فن لینڈ اور سوئیڈن کی نیٹو میں شمولیت کی حمایت کرے گا۔

نیٹو کے جنرل سیکرٹری جینز اسٹالٹن برگ اور ترک صدر طیب اردوان نے علیحدہ علیحدہ بیانات میں اس معاہدے کی تصدیق کی ہے۔

گو کہ فن لینڈ اور سوئیڈن کو باضابطہ طور پر نیٹو کا حصہ بننے کی دعوت دی جاچکی ہے لیکن مغربی اتحاد میں شامل تمام 30 ممالک کی پارلیمان سے فیصلے کی توثیق لازمی ہے جس میں ایک سال کا عرصہ لگ سکتا ہے۔