سودسے متعلق عدالتی فیصلے کے خلاف اپیل فوری واپس لی جائے، علمائے کرام

June 30, 2022

لوٹن (پ ر) سود سے پاک نظام کے نفاذ کیلئے علمی اور معاونت کیلئے جید نامور علمائے کرام مذہبی اسکالر اور معاشی ماہرین پر مشتمل ٹاسک فورس کا قیام فوری طور پر کرنا ہوگا۔ اسلامی جمہوریہ پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جو مدینہ طیبہ کے بعد اسلام کے مقدس نام پر معرض وجود میں آیا اب ہمیں ہر حال میں پاکستان کی سالمیت و بقا کیلئے حصول پاکستان اور قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات افکار کے مطابق پاکستان کی ترقی و کامیابی کیلئے آگے بڑنا ہوگا۔ان خیالات کااظاہر مفکر اسلام علامہ ڈاکٹر پیر سید عبدالقادر گیلانی جانشین امیر مملکت پیر سید منور حسین جماعتی،علامہ صاحبزادہ سید مظہر حسین گیلانی، خطیب ملت علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی، علامہ صاحبزادہ انور حسین کاظمی، علامہ مفتی عبدالرحمٰن نقشبندی، علامہ مفتی محمد خان قادری، علامہ صاحبزادہ سید حیدرشاہ،علامہ حافظ محمد فاروق چشتی، علامہ صاحبزادہ محمد رفیق سیالوی، علامہ محمد ارشد جمیل، علامہ صاحبزادہ غلام جیلانی الازہری، علامہ عبدالغفور چشتی، علامہ مفتی برکات احمد چشتی، علامہ قاضی عبدالرشید چشتی، علامہ حافظ نذیر احمد مہروی، علامہ قاری واحد حسین چشتی، علامہ حسنات احمد الازہری، علامہ حافظ عبدالرزاق، علامہ حسن اختر، علامہ قاری رضا المصطفیٰ چشتی،علامہ انعام الحق قادری، علامہ الحاج خلیفہ عبدالرحمٰن قادری،شیخ عاصم حسین، صاحبزادہ عتیق الرحمٰن قادری، علامہ محمد اشتیاق حسین، قادری علامہ حافظ شاہ محمد چشتی، صاحبزادہ قاضی ضیاء المصطفیٰ چشتی، علامہ حافظ محمد کامران و دیگر نے کیا ۔علمائے کرام نے کہا کہ گزشتہ دنوں وفاقی شرعی عدالت نے تقریباً بیس سال سے زیرالتوا مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے قرآن و سنت کی روشنی میں سود کی تمام صورتوں کو حرام قرار دیا اور حکومت پاکستان کو حکم دیا کہ پانچ سالوں میں نظام معیشت کو مکمل طور پر سود سے پاک کرے۔ یہ فیصلہ لائق تحسین ہے اور پاکستان کے موجودہ معاشی بحران سے نکلنےکیلئے نیک شگون ہے۔ لیکن حال ہی میں اسٹیٹ بنک آف پاکستان اور چند نجی بنکوں کی طرف سے اس فیصلےکے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان میں اپیل دائر کی گئی ہے۔ ہم اس اقدام کی زور مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس اپیل کو فوری طور پر واپس لیا جائے اور حکومت اسلام کے نام پر بننے والے اس وطن عزیز کو سود کی لعنت سے پاک کرنے کے لئے فوری طور پر اقدامات کرے۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی جماعت اہلسنت یوکے اینڈ اوورسیز ٹرسٹ کے قائدین اور برطانیہ کے ممتاز علمائے اسلام علمائے اہلسنت نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا ہے۔ علمائے کرام نے کہا کہ وفاقی شرعی عدالت نے قرآن و سنت کی بالادستی کو قائم رکھتے ہوئے جو شرعی فیصلہ کیا ہے اس پر عمل کرناحکومت وقت کی مذہبی قانونی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ سود کے خلاف عدالتی فیصلے کے ساتھ کھڑے ہونے کا وقت ہے۔ قوم اس اہم معاملہ پر دینی غیرت و محبت کا مظاہرہ کرے اور اسٹیٹ بنک اور چاروں نجی بنکوں کو اپنی اپیل واپس لینے پر مجبور کرے۔