لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے حمزہ شہباز کو خیر کی اُمید

June 30, 2022

فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے سے خیر کی امید باندھ لی اور کہا کہعہدے تو آنے جانے والی چیز ہیں، اصل کام اللّٰہ کی مخلوق کو راضی کرنا ہوتا ہے۔

پی ٹی آئی کی درخواستوں پر لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہامید ہے اس فیصلے کے اثرات صوبے کے عوام کے لیے خیر کا باعث بنیں گے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ہمیشہ کی طرح آج بھی عدلیہ کے فیصلے کا احترام کرتے ہیں، فیصلے سے پنجاب میں 3 ماہ سے جاری آئینی بحران کا خاتمہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اپنی انا کی تسکین کے لیے صوبہ کو آئینی بحران میں دھکیلا، آئینی بحران کا سب سے زیادہ نقصان صوبے کے عوام کو اٹھانا پڑا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عہدے تو آنے جانے والی چیز ہے، اصل کام اللّٰہ کی مخلوق کو راضی کرنا ہوتا ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ سیاست برائے سیاست کا قائل نہیں بلکہ سیاست کو خدمت کا درجہ دیتا ہوں، خلقِ خدا کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہی میری زندگی کا مقصد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی تکالیف کا مداوا میری سیاست ہے۔

حمزہ شہباز نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ چیلنجز کا مقابلہ کیا ہے، آئین اور قانون سے ماورا کوئی اقدام نہیں کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جن لوگوں نے آئین اور قانون سے کھلواڑ کیا ان کے چہرے قوم کے سامنے ہیں۔