ومبلڈن ٹورنامنٹ کھیلنے کیلئے آنے والا کھلاڑی اپنا ریکیٹ ہی بھول آیا

June 30, 2022

فوٹو: فائل

ٹینس کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ ومبلڈن میں کھیل اور وہاں موجود سرگرمیوں سے متعلق دلچسپ واقعات تو پیش آتے رہتے ہیں، تاہم حال ہی میں اپنی نوعیت کا منفرد واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک کھلاڑی اپنا ریکیٹ ہی بھول آیا۔

ویمبلڈن میں یہ دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب کورٹ تیار تھا، میچ آفیشلز بھی موجود تھے، براڈکاسٹرز تیار تھے اور تماشائی بھی اپنا قیمتی وقت نکال کر کورٹ میں میچ شروع ہونے کا انتظار کر رہے تھے لیکن کھلاڑی تیار نہ تھا۔

ہوا کچھ یوں کہ فرانسیسی ٹینس کھلاڑی یوگو ہمبرٹ اپنا بیگ تو ساتھ لے آئے، آنے سے قبل پیکنگ کے دوران ہر چیز رکھی لیکن سب سے ضروری چیز یعنی اپنا ریکیٹ ہی رکھنا بھول گئے۔

اس صورتحال کے پیشِ نظر میچ کو کچھ دیر کے لیے ملتوی کردیا گیا اور پھر انتظار کے بعد جب ریکیٹ لایا گیا تو میچ کا آغاز ہوا۔

ناروے کے کیسپر رُڈ کے خلاف ہونے والے اس میچ میں یوگو ہمبرٹ نے کامیابی بھی سمیٹی۔