ضمنی الیکشن، تاریخ تبدیلی کی درخواست، صوبائی الیکشن کمشنر نے جواب جمع کرادیا

July 01, 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس محمد جنید غفار کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے این اے 245 کے ضمنی الیکشن 27 جولائی کے بجائے 31 جولائی کو کرانے سے متعلق پاک سر زمین پارٹی سے 6 جولائی کو جواب الجواب طلب کرلیا ہے، پاک سر زمین پارٹی کی درخواست پر سماعت ہوئی، صوبائی الیکشن کمشنر کی جانب سے جواب جمع کرایا جس میں کہا گیا کہ عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد 245 کی نشست خالی ہوئی ہے، قومی اسمبلی کی خالی نشست پر 60 یوم میں الیکشن کرانا ہوتا ہے، اتوار 24 جولائی کو سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ہے، 31 جولائی کو 2 محرم ہوگا، نشتر پارک اس حلقے کی حدود میں آتا ہے جو تمام مذہبی تقریبات کا مرکز ہے، 7 اگست کو اتوار ہے 9 محرم الحرام ہوگا جبکہ اگلا اتوار 14 اگست ہوگا اور اس دن 60 دن سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہوگا، اب عدالت جو مناسب سمجھے اس پر عمل درآمد کیا جائے گا۔پی ایس پی کی دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن نے این اے 245 کا الیکشن 27 جولائی رکھا ہے، اس الیکشن کو 31 جولائی اتوار کی چھٹی والے دن رکھا جائے۔