پہلے مرحلے میں کلین سوئپ کیا، کراچی کا مئیر پیپلزپارٹی سے ہوگا، سعید غنی

July 01, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر محنت و افرادی قوت سندھ و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی نے کہا ہے کہ کراچی کا اگلامئیر پیپلز پارٹی سے ہی ہوگاپیپلزپارٹی اس ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو کسی چور دروازے سے نہیں بلکہ عوام کے ووٹوں کی طاقت سے ایوانوں میں آتی ہے، سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جس طرح سندھ کے دیہی علاقوں میں پیپلزپارٹی نے تمام سیاسی جماعتوں کو کلین سوئپ کیا اسی طرح دوسرے مرحلے میں پیپلزپارٹی کراچی، حیدرآباد سمیت دیگر شہروں میں بھی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ڈسٹرکٹ کورنگی کی مختلف یونین کونسلز کے پی ٹی آئی سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی میں شمولیت کے اعلان کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا،شمولیت اختیار کرنے والوں میں تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سابق نائب صدر فضل وہاب، ڈسٹرکٹ کورنگی کے سابق نائب صدر حاجی فقیر محمد، الہٰی برادری کے محمد روحان، حبیب اللہ اور دیگر شامل ہیں،سعید غنی نے کہا کہ کسی کے کاندھوں پر بیٹھ کر حکومت میں آنے والوں کو عوام اچھی طرح جانتے ہیں ،ہم اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ عوامی مسائل بہت ہیں لیکن ہم ان کے حل کے لئے دن رات کوشاں بھی ہیں۔