فیفا نے پی ایف ایف کی رکنیت بحال، پابندیاں ختم کردیں، انٹرنیشنل فٹ بال کے دروازے کھل گئے

July 01, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیفا نے پاکستان کی انٹرنیشنل رکنیت بحال کرنے کا اعلان کردیا ہے، ساتھ ساتھ نارملائزیشن کمیٹی کی مدت میں ایک سال کی توسیع بھی کردی ہے۔ اس طرح عرصے سے پاکستان فٹ بال پر انٹرنیشنل مقابلوں میں شرکت کا سلسلہ بھی شروع ہوجائے گا ۔ نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا ہےکہ فیفا نے پاکستان کی رکنیت بحال کرتے ہوئے عائد پابندیاں بھی ختم کردی ہیں ۔ پاکستانی ٹیموں پر انٹرنیشنل فٹبال کے دروازے کھل گئےہیں اور ملکی سطح پر فٹبال سرگرمیوں کا سلسلہ بھی بحال ہوگا ۔ اس اعلان کے ساتھ ہی فٹبال کی بحالی، پی ایف ایف الیکشنز کا انعقاد اور اثاثہ جات کی واپسی اولین ترجیح ہو گی ۔انہوں نے مزید کہا کہ فٹبال برادری کو مبارک باد، ہماری انتھک محنت اور فٹبال فیملی کی دعائیں رنگ لے آئیں۔