اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کو کل پریڈ گراؤنڈ میں جلسے کی اجازت دیدی

July 01, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )اسلام آباد انتظامیہ نےپی ٹی آئی کو 2 جولائی کو پریڈ گرائونڈ میں جلسہ کرنے کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد عرفان نواز میمن نے جمعرات کو ساڑھے تین صفحات پر مشتمل 42 نکاتی این او سی جاری کر دیا ہے ، تاہم یہ اجازت نامہ سٹاف ڈیوٹی ڈائر یکٹریٹ جی ایچ کیو ہیڈ کوارٹر کی اجازت سے مشروط ہوگا ،جلسہ عام شام 5 بجے شروع ہوگا ،ضلعی انتظامیہ نے پی ٹی آئی سے ضابطہ اخلاق پر حلف نامہ لے لیا ہے، ضابطہ اخلاق میں اسلام آباد ایکسپریس وے بند نہ کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے ، جلسے کے شرکاء ریڈ زون میں داخل ہوں گے نہ ہی سرکاری املاک کو نقصان پہنچائیں گے ، جلسے کے شرکاء رات 12 بجے پریڈ گراؤنڈ خالی کر دیں گے،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی صورت میں جلسے کے منتظمین ذمہ دار ہوں گے۔