حیدرآباد، طویل لوڈشیڈنگ، متعدد علاقوں میں احتجاجی مظاہرے اور دھرنے

July 02, 2022

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) حیسکوکی جانب سے حیدرآباد سمیت حیسکو ریجن میں بدترین لوڈ شیڈنگ جاری، شہریوں کی جانب سے بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ کیخلاف متعدد علاقوں میں احتجاجی مظاہرے اوردھرنے دیئے گئے، 2روز کے دوران رات کے اوقات میں 2سے 3گھنٹے لوڈ شیڈنگ ، صنعتی ایریا سمیت متعدد فیڈر اورسرکاری افسران کے دفاتر لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ، حیسکو ترجمان نے کہاہے کہ بجلی کی طلب میں اضافے کی وجہ سے 5سے 6گھنٹے جبکہ کم ریکوری والے علاقوں میں 10سے 12گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، حکومت کی جانب سے توانائی بحران پر قابو پانے کے لئے بازار رات9بجے بند کرنے کے باوجود لوڈشیڈنگ اوربجلی کی طویل بندش میں کمی کے بجائے اضافہ کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے شہر کے متعدد علاقوں میں تاجروں نے مقررہ وقت پر کاروبار بند کرنے سے انکار کردیا ہے یا متعدد علاقوں میں رات 10اور 11بجے تک بازار کھلے رہتے ہیں، حیسکو کی جانب سے پھلیلی، امریکن کوارٹرز ، لطیف آبادنمبر 4,8,12، حسین آباد، قاسم آباد ودیگر علاقوں میں رات کے اوقات میں بھی 2سے 3گھنٹے لوڈشیڈنگ شروع کردی گئی ہے، مذکورہ علاقوں میں رات 11سے 12، ایک بجے سے 2بجے، 3سے 4اور 5سے 7بجے کے مختلف اوقات میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے شہریوں کو شدید گرمی میں اذیت کا سامنا کرناپڑرہا ہے، دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر ز کی غیر معیاری مرمت اور اضافی لوڈکی وجہ سے بجلی کی بندش معمول بن گئی ہے،لطیف آبادنمبر 8میں بھاشانی والا ٹرانسفارمر متعدد بار مرمت کے باوجود آئے روز خراب ہوتارہتاہے، اسی طرح شاہ نجف کالونی لطیف آباد نمبر 5میں چوری کے کنکشن کی وجہ سے ٹرانسفارمر خراب ہوچکاہے جس کی علاقہ مکین متعدد بار مرمت بھی کراچکے ہیں، علاقہ مکینوں کے مطابق حیسکو کےعملے نے قرب وجوار میں مبینہ طورپر 500سے 1000روپے پر کنڈا کنکشن دیئے ہوئے ہیں جس کی سرپرستی ذکی ودیگر کرتے ہیں۔