فضائیہ کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، وائس ایئر چیف

July 02, 2022

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) پاک فضائیہ کے نائب سربراہ ائیر مارشل محمد زاہد محمود نے کہا ہے کہ فضائیہ کسی بھی جارحیت کاجواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے،ہماری مسلح افواج علاقائی سالمیت اور قومی خودمختاری کے دفاع کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں، وہ جمعہ کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے کورس شرکاء سے خطاب کررہے تھے، ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق حاضرین سے خطاب کے دوران نائب سربراہ پاک فضائیہ نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں فراہم کردہ تعلیم و تربیت کے معیار کو سراہا، سلامتی کے موجودہ چیلنجز اور تکنیکی جدت پر بات کرتے ہوئے نائب سربراہ پاک فضائیہ نے پاکستانی مسلح افواج کی جنگی صلاحیتوں پراعتماد کا اظہار کیا اورکہا کہ پاک فضائیہ ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت اورِمذموم ارادے کا بروقت جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے بعد ازاں ائیر مارشل محمد زاہد محمود نے کورس شرکاء سے تبادلہ خیال بھی کیا۔