اخبارات وجرائد کی اشاعت کی تعداد جانچنے کیلئے ڈیجیٹل نظام لانے کا فیصلہ

July 02, 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی زیر صدارست سرکاری اشتہارات کے تقسیم میں شفافیت یقینی بنانے کیلئے بڑے فیصلے کئے گئے ہیں، باقاعدگی سے شائع ہونے والے اخبارات وجرائد کو منصفانہ اور شفاف طریقے سے اشتہارات جاری کئے جائینگے، ذرائع کے مطابق اجلاس میں وفاقی سیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، پرنسپل انفارمیشن آفیسرمبشر حسن سمیت دیگر اعلیٰ حکام شریک تھے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اشتہارات کی تقسیم ، اخبارات وجرائد کی اشاعت کی تعداد جانچنے کیلئے ڈیجیٹل نظام لایا جائیگا، اجلاس کو اخبارات وجرائد کی اشاعت جانچنے کی فہرست اے بی سی کے حوالے سے بریفنگ دی گئی،اجلاس میں قومی اور علاقائی اخبارات وجرائد کی اے بی سی سے متعلق جامع پالیسی اختیار کرنے پر غورکیا گیا، اخبارات کی باقاعدگی سے اشاعت اور تعداد جانچنے سے متعلق امور پر تفصیلات سے آگاہ کیاگیا،اجلاس کو سنٹرل میڈیا لسٹ میں موجود اخبارات و جرائد کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا،اجلاس میں اصولی فیصلہ کیا گیا کہ باقاعدگی سے شائع ہونیوالے اخبارات وجرائد کو منصفانہ اور شفاف طریقے سے اشتہارات جاری کئے جائینگے۔