کے الیکٹرک کے خلاف زبردست احتجاجی دھرنا، شہریوں کی بڑی تعداد میں شرکت، پرجوش نعرے، شدید غم وغصے کا اظہار، جھلکیاں

July 02, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر )سخت گرمی میں بد ترین لوڈشیڈنگ، کے الیکٹرک کی نا اہلی و ناقص کارکردگی اور وفاقی وصوبائی حکومت اور نیپرا کی بے حسی اور کے الیکٹرک کی مسلسل سر پرستی کے خلاف جماعت اسلامی کے تحت جمعہ کو کے الیکٹرک ہیڈ آفس پر زبردست احتجاجی دھرنا دیا گیا ٭ جس میں شہر بھر سے بجلی سے محروم اور کے الیکٹرک کے ستائے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ٭دھرنے کے شرکاء نے کے الیکٹرک انتظامیہ وفاقی و صوبائی حکومت اور نیپرا کے خلاف پُر جوش نعرے لگائے٭شرکاء نے اپنے مطالبات پر مشتمل مختلف بینرز اور پلے کارڈرز بھی اُٹھائے ہوئے تھے جن پر تحریر تھا کہ کے الیکٹرک کا لائسنس ختم کرو، لوڈ شیڈنگ بند کرو، کے الیکٹرک کے مظالم اوور بلنگ، ناجائز میٹر رینٹ، تانبہ چور، غنڈہ گردی، کراچی کے عوام کو کے الیکٹرک کے مظالم سے نجات دلائی جائے، حکومت اور نیپرا کی سرپرستی میں کے الیکٹرک کی لوٹ مار نامنظور، نامنظور،کے الیکٹرک کی حکومتی سرپرستی بند کرو،اوور بلنگ ختم کرو،لوڈ شیڈنگ ختم کرو،جعلی فیول ایڈجسٹمنٹ نا منظورشامل تھے۔ ٭دھرنے کے شرکاء وقفے وقفے سے پُر جوش نعرت لگاتے رہے جن میں لوڈشیڈنگ ختم کرو،کے الیکٹرک کو لگام دو، کے الیکٹرک مردہ باد، تانبا چور کے الیکٹرک،گلی گلی میں شور ہے کے الیکٹرک چور ہے، جینا ہوگا مرنا ہوگا دھرنا ہوگا دھرنا ہوگا، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرو۔ وفاقی و صوبائی حکومتیں اور نیپرا کے الیکٹرک کی سرپرستی بند کریں، ٭پبلک ایڈ کمیٹی کے سیکریٹری نجیب ایوبی نے بھی اپنے مخصوص انداز میں دھرنے کے شرکاء سے خطاب کیا اور شرکاء کے جوش و جذبے کو گرمایا۔اس موقع پر انہوں نے اپنے منفرد انداز میں شرکاء کے ہمراہ تالیاں بجوائیں اور موبائل فونز کی ٹارچ لائٹس روشن کروائیں جس سے دھرنے کے مقام پر قابل دید منظر دیکھنے میں آیا ٭دھرنے میں شہر کے مختلف علاقوں سے آنے والوں نے اپنے مسائل اور شکایات سے بھی آگاہ کیا۔اور لاکھوں روپے کے بھاری بھرکم بلز دکھائے اور اپیل کی کہ انہیں انصاف دلانے میں جماعت اسلامی اپنا کردار ادا کرے۔دھرنے میں شریک بعض نوجوانو ں نے کے الیکٹرک ہیڈ آفس کی دیواروں پر کے الیکٹرک کی انتظامیہ کے خلاف اور عوامی مطالبات پر مشتمل وال چاکنگ کی ٭شدید گرم موسم اور حبس کے باوجود دھرنے کے شرکاء انتہائی نظم و ضبط کے ساتھ شریک رہے، دھرنے کا وقت 5بجے طے کیا گیا لیکن شرکاء کی بڑی تعداد 5بجے سے قبل ہی کے الیکٹرک ہیڈ آفس پہنچ گئے تھے ۔