امریکا میں متعین پاکستانی سفیر مسعود خان کی گورنر ٹیکساس سے ملاقات

July 02, 2022

آسٹن ٹیکساس( رپورٹ: راجہ زاہد اختر خانزادہ)امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر مسعود خان نے گورنر ٹیکساس گریگ ایبٹ سے ان کے دفتر واقع آسٹن میں ملاقات کی جس میں پاکستان اور ریاست ٹیکساس کے درمیان مربوط اقتصادی تعلقات اورباہمی سرمایہ کاری سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر ٹیکساس نے پاکستانی سفیر کا والہانہ خیر مقدم کیا۔ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کے استحکام کیلے ممتاز پاکستانی امریکی رہنما جاوید انور کی گراں قدر کاوشوں کو گورنر ٹیکساس نے شاندار الفاظ میں سراہا جبکہ دو شہروں کے کارپوریٹ لیڈرز کے درمیان باہمی رابطوں میں کلیدی کردار ادا کرنے پر مسعود خان نے ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کو خراج تحسین پیش کیا۔ ریاست ٹیکساس کے چار روزہ دورے پر آئے ہوے پاکستانی سفیر نےباہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلے گورنر ٹیکساس کو پاکستان کے دورے کی بھی دعوت دی جو انہوں نے قبول کرلی۔مسعود خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ٹیکساس میں رہنے والے ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاکستانی امریکن دونوں ملکوں کیلے ایک پل کی مانند اور گراں قدر اثاثہ ہیں۔ ملاقات کے دوران پاکستانی سفیر نے پاکستان اور ریاست ٹیکساس کے درمیان مربوط اقتصادی تعلقات اورباہمی سرمایہ کاری سمیت دیگر اہم شعبوں بشمول زراعت، پیٹرولیم ،لائیو اسٹاک ،گرین انرجی،ماحولیات ،انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔