شدید گرمی‘ بدترین لوڈشیڈنگ پر اعلیٰ سطح ہنگامی اجلاس

July 02, 2022

اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قوم کو لوڈ شیڈنگ کے عذاب سے نجات دلانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اُنہوں نے اپنی حکومت کے تمام ڈویژنوں‘ وزارتوں اور اس بارے میں ہنگامی بنیاد پر اقدامات اٹھانے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں وفاقی سیکرٹری وزارت خارجہ سہیل محمود کی صدارت میں فارن آفس میں بین الوزارتی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں وزارت خارجہ کے متعلقہ عہدیداروں سمیت وفاقی وزارت پٹرولیم و قدرتی وسائل‘ وفاقی وزارت تجارت‘ وفاقی وزارت خزانہ اور دوسرے متعلقہ ڈویژنوں کے انچارج وفاقی سیکرٹریوں اور انکے ماتحت اداروں بشمول پاکستان سٹیٹ آئل‘ پاکستان ایل این جی اتھارٹی کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔ کئی گھنٹے تک جاری اس اجلاس میں پاکستان کے چاروں صوبوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ مرحلہ وار کم کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انتہائی باوثوق ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ دنیا کے روایتی تیل سپلائی کرنے والے مشرق وسطیٰ‘ خلیج وغیرہ اور ایران‘ روس سمیت ہر دستیاب سورس سے نسبتاً سستا تیل گیس لینے کے امکانات کا جائزہ لئے جانے کا امکان ہے۔ اجلاس میں انتہائی مشکل گھڑی میں لوڈ شیڈنگ کے عذاب کو کم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کا بلیو پرنٹ تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اسی جذبے سے وفاقی وزارت توانائی (انرجی ڈویژن) نے ملک بھر کی آئل ریفائنریز کے سربراہان کو انکی تیل صاف کرنے کی استعداد‘ صلاحیت اور متعلقہ امور پر ہنگامی رپورٹیں بھیجنے کی ہدایت کی۔