خالد مقبول کی فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کیساتھ ملکر کام کرنیکی دعوت

July 02, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی ڈاکٹر فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت،ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کراچی سے ٹیکس وصولی کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹنے کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی سندھ کے شہر اور پاکستا ن میں سب سے زیادہ ریونیو ادا کرنے والا شہر ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روارکھا جاتا ہے۔کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی صدارت میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا،جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، سندھ میں ہونے والی متنازع اور غیر منصفانہ حلقہ بندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا، اجلاس میں پاکستان شہری سندھ کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف بھرپور جدوجہد کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں کراچی میں ہونے والے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 245 کے ضمنی انتخابات کیلئے ممکنہ لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا، رابطہ کمیٹی کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار و دیگر اراکین کی ایم کیو ایم پاکستان میں واپسی پر بھی رائے دی گئی، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ڈاکٹر فاروق ستار کو ایم کیو ایم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کی دعوت دی، رابطہ کمیٹی نے اجلاس میں اتوار کو بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے کارکنان کا جنرل ورکرز اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ۔ دریں اثناء ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے کراچی سے ٹیکس وصولی کے سابقہ ریکارڈ ٹوٹنے کو خوش آئندہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کراچی سندھ کے شہر اور پاکستا ن میں سب سے زیادہ ریونیو ادا کرنے والا شہر ہے لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اس شہر کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک روارکھا جاتا ہے بجلی ہو، گیس ہو، پانی ہو یا شہر کا انفرا اسٹر کچر ان سب مسائل کے باعث یہاں کے لوگ احساس محرومی کا شکار ہو رہے ہیں اورسخت پریشانی کے عالم میں مبتلا ہیں لیکن ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہے۔