بلال ثابت گینگ کیخلاف 500مقدمات کا ریکارڈ موجود ہے،آئی جی اسلام آباد

July 02, 2022

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)آئی جی اسلام آباد اکبر ناصر خان نے کہا ہے کہ گینگسٹر بلال ثابت کا ایک پورا نیٹ ورک تھا،اس گینگ کے خلاف مجموعی طور پر 500 سے زائد مقدمات کا ریکارڈ موجود ہے۔ جمعہ کو دیگر افسروں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے آئی نے کہا کہ یہ خطرناک گینگ 2018سے زیادہ ایکٹو ہوا،جیسے جیسے ٹیکنالوجی آتی گئی یہ مجرم بھی اس جدید ٹیکنالوجی کو استعمال کر کے پولیس سے بچا رہا ۔گینگ کے خلاف پشاور اور راولپنڈی سے زیادہ ریکارڈ ملنا ابھی باقی ہے ۔بلال ثابت کی رہائش آمدورفت کا سب کو پتہ تھالیکن خوف کی وجہ سے اس کے بارے میں نہیں بتایا جاتا تھا،مجرم نے تربیت افغانستان سے لی ۔ اس نے پولیس،ایجینسیز،قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ملازمین کے خون سے اپنے ہاتھ رنگے بلال ثابت کے نیٹ ورک کے پیچھے ہیں،اس سے گاڑیاں،نقدی،زیوارت جو کوئی بھی لیتا تھا،انکی تلاش بھی کر رہے ہیں۔ہم متاثرین کی تکلیف کا ازالہ تو نہیں کر سکتے البتہ ان کی لوٹی گئی اشیاءبرآمد کرکے متاثرین کو واپس پہنچائیں گے۔یہ دہشتگردوں کانیٹ ورک تھا،بلال اور گینگ کے نام پر پراپرٹیز موجود ہیں ۔بلال ثابت گینگ کے ممبران کی تعداد 16سے 24تک ہو سکتی ہےجس میں سے چھ پولیس مقابلوں میں مارے جا چکے ہیں۔ گینگ سے جڑے افراد سے رعائت نہیں کی جائے گی۔ مجرم کے سہولت کار کو بھی پکڑیں گے۔ بلال ثابت گینگ کے خلاف آپریشن تکنیکی بنیادوں پر کیا گیا ۔اسلام آباد پولیس کو اب بھی دہشتگردی کے حوالے سے خدشات ہیں اور ہم تمام چیزوں کو باریک بینی سے دیکھ رہے ہیں۔پولیس مقابلہ سٹریٹیجی نہیں ہوتی یہ مزاحمت پر ہوتا ہے ۔