محکمہ ایکسائز راولپنڈی کی 4ارب 54کروڑسے زائد ٹیکس وصولیاں

July 02, 2022

راولپنڈی (ساجد چوہدری ، اپنے نامہ نگار سے ) محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی گزشتہ مالی سال 2021-22کے دوران ڈویژن بھر سے پراپرٹی ٹیکس ، موٹروہیکلز ٹیکس ، ایکسائز ڈیوٹی ،پروفیشنل ٹیکس، لگژری ٹیکس اور ٹیکس آن موٹر ویز ، ہائی ویز پراپرٹی کی مد میں 4ارب 22کروڑ 85 لاکھ 32ہزار 358روپے کے مقابلے میں 4ارب 54کروڑ 20لاکھ 61ہزار روپے کی ریکوری کرنے میں کامیاب رہا جو ہدف کا 107 فیصدبنتی ہے۔پراپرٹی ٹیکس کی مد میں 2ارب 40کروڑ75لاکھ 46ہزار ہدف کے مقابلے میں 2ارب 55کروڑ 18لاکھ 57ہزار روپے سے زیادہ کی ریکوری کی گئی جو مجموعی طور پر 106 فیصد بنتی ہے۔ ضلع جہلم پراپرٹی ٹیکس میں 131فیصد، پروفیشنل ٹیکس میں 127فیصد اور موٹر وہیکلز ٹیکس کی وصولیوں میں108فیصد کیساتھ ٹاپ پر رہا۔محکمہ ایکسائز کی دستاویز کے مطابق پراپرٹی ٹیکس میں راولپنڈی کے زون ون سے 95فیصد، زون ٹو سے 100فیصد، زون تھری سے 114فیصد ،( اس سرکل میں ای ٹی او نازیہ جاوید 88کروڑ ہدف کے مقابلے میں ایک ارب 9لاکھ روپے سے زیادہ ریکوری کرنے میں کامیاب رہیں)، زون فور سے سب سے کم 77 فیصد ، ضلع جہلم سے 131فیصد، چکوال سے 115 فیصد، ضلع اٹک سے 126فیصد پراپرٹی ٹیکس کی وصولیاں کی گئیں۔ موٹر وہیکلز ٹیکس میں ڈویژن بھر سے مجموعی طور پر 98کروڑ 66لاکھ 95ہزار کے مقابلے میں ایک ارب ایک کروڑ 33لاکھ 64ہزار روپے کی ریکوری کی گئی۔ ضلع راولپنڈی نے 101 فیصد، جہلم نے 108 فیصد، چکوال نے 105فیصد جبکہ ضلع اٹک نے 103 فیصد ریکوری کی۔ ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 71کروڑ 75لاکھ پانچ ہزار روپے کے مقابلے میں 83 کروڑ 82ہزار روپے کی ریکوری کی گئی۔ اس میں ایکسائز ون راولپنڈی 99 فیصد ، ایم بی سی راولپنڈی 124فیصد، جہلم 147فیصد، چکوال 97فیصد اور اٹک صرف 30فیصد وصول کرنے میں کامیاب رہا۔