پوری قوم مل کر سودی نظام کا مکمل بائیکاٹ کرے، علمائے کرام

July 02, 2022

ملتان (سٹاف رپورٹر) متحدہ علماء کونسل، مجلس احرار اسلام،تحریک تحفظ ختم نبوت،اہلحدیث یوتھ فورس،پاکستان سنی تحریک کے زیر اہتمام جمعہ کے روز سود کے خلا ف دن منایا گیا۔ رہنماؤں ، علماء کرام ، خطباء عظام ، مبلغین اور ائمہ مساجد نے اپنے اپنے خطبات جمعۃ المبارک اور بیانات میں کہا کہ پوری قوم مل کر سودی نظام کا مکمل بائیکاٹ کرے سود کے لین دین کو جاری رکھنا اللہ تعالیٰ سے کھلی جنگ کا اعلان ہے،اسٹیٹ بنک اور دیگر چار نجی بنکوں کاوفاقی شرعی عدالت کاسود کے خلاف فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کرنادراصل اللہ تعالیٰ اور رسول ﷺ اور دین اسلام سے کھلی بغاوت اورجنگ کے مترادف ہے اگر ہم سودی و یہودی معیشت میں جکڑے رہے تو ہم اپنی معشت کو لے کر کبھی آگے نہیں بڑھ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ آج پورا ملک اس بات پر سوگوار ہے کہ جن بنکوں پر ہم ایک عرصہ دراز سے اعتماد کیے ہوئے تھے آج وہی بنک ہمیں اپنے دین پر چلتے ہوئے اسلامی معیشت کو نافذ کرنے سے روک رہے ہیں، سودی و یہودی معیشت سے جان چھڑائے بغیر ہم کسی طور پر بھی آزاد نہیں کہلوا سکتے کیوں کہ ہم پر اصل حکمرانی آئی ایم ایف، ورلڈ بنک اور عالمی مالیاتی اداروں کی ہے جو ہمارے عقیدے اور فکر و نظر پر بھی اثر انداز ہورہے ہیں۔