اے ایس ایف کے تحت یوم شہداء کی تقریب، شہداء وغازیوں کو خراج تحسین

July 03, 2022

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) کراچی میں اے ایس ایف کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے یوم شہداء کی تقریب اے ایس ایف ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں شہداء اورغازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس تقریب کے مہمانِ خصوصی جناب کمانڈر 5 کور لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید ہلالِ امتیاز ملٹری تھے۔ اس تقریب میں سول اور ملٹری افسران سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل اے ایس ایف میجر جنرل عابد لطیف خان ہلالِ امتیاز (ملٹری) نے اپنے پیغام میں شہداء اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کو سراہا اور جوانوں کو آنے والے وقتوں میں دہشت گردی اور ایئرپورٹس پر کسی قسم کے بھی خطرات سے نمٹنے کے لیے پُرعزم رہنے کا پیغام دیا۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی شہداء کے لواحقین اورغازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ساحر علی بگا، شہزاد رائے اور ثمر رضا جیسے معروف گلوکاروں نے اپنی آواز کے ذریعہ شجاعت اور بہادری کی داستان رقم کرنے والوں کو سلام پیش کیا۔ شاہد آفریدی، ہاکی اولمپین اصلاح الدین، جہانگیر خان، شہزاد رائے نے دورانِ تقریب غازیوں کو پھولوں کےدستے پیش کیے۔