یورو زون میں مہنگائی کی شرح بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

July 03, 2022

برسلز (نیوز ڈیسک) یورو زون کے 19ممالک میں مہنگائی کی شرح 25 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔یورپی یونین کے محکمہ شماریات کی جانب سے یکم جولائی کو جاری رپورٹ کے مطابق جون 2022 ء میں یورو زون کے 19ممالک میں مہنگائی کی شرح 8.6 فیصد تک پہنچ گئی۔اس سے پہلے خیال کیا جارہا تھا کہ مہنگائی کی شرح 8.4فیصد رہے گی۔اب اس خطے میں مہنگائی کی شرح 1997ء کے بعد سب سے زیادہ ہے کہ جب یورو کرنسی کاآغاز ہوا تھا۔یورو زون میں مہنگائی کی شرح میں گزشتہ ایک سال کے دوران مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ پہلے کورونا وائرس کی وبا کے دوران لاک ڈاؤن اور پھر یوکرین پر روس کے حملے سے ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔مہنگائی کی روک تھام کے لیے یورپی مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں بھی رواں کے دوران اضافہ کیا جائے گا۔ خطے میں ایندھن کی قیمتوں میں جون کے دوران 41.9فیصد اضافہ ہوا جبکہ خوراک کی قیمتوں میں 11.1 فیصد اضافہ ہوا۔