بلغاریہ کو روسی دھمکی پر یورپی یونین کا اظہار افسوس

July 03, 2022

برسلز ( نمائندہ جنگ) یورپین یونین نے روس کی جانب سے بلغاریہ کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کی دھمکی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ روس نے بلغاریہ کو یہ دھمکی اس کی جانب سے 70روسی سفارت کاروں کو بلغاریہ چھوڑنے کے حکم کے جواب میں دی ہے۔ اس حوالے سے یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں ترجمان نبیلا مصرالی نے کہا کہ یورپین یونین روس کی جانب سے بلغاریہ کو سفارتی تعلقات کے خاتمے کی دھمکی پر افسوس کا اظہار کرتا ہے یورپین یونین کے مطابق بلغاریہ نے ان سفارتکاروں کو ویانا کنونشن کی خلاف ورزی پر اپنا ملک چھوڑنےکا کہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یورپین یونین ان حالات میں بلغاریہ کے ساتھ مکمل حمایت اور یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ روس کا یہ جوابی اقدام اسے بین الاقوامی سطح پر مزید تنہا کرنے کا کام کرے گا۔