نیٹواتحاد میں توسیع پرروس اور چین کا انتباہ

July 03, 2022

برسلز (نیوز ڈیسک) نیٹو کی جانب سے اتحاد میں توسیع کے اعلان پر روس اور چین نے سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو نے اس سے قبل روز روس کوبراہ راست خطرہ اور چین کو عالمی استحکام کے لیے سنگین چیلنج قرار دیا تھا۔روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے نیٹو کو سوئیڈن اور فن لینڈ میں فوجی تعینات کرنے سے خبردار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اگر ایسا کیا گیا تو روس سخت ردعمل ظاہر کرے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ روس خطے میں ویسا ہی خطرہ بن جائے گا، جیسا خطرہ ہمارے لیے پیدا کیا جا رہا ہے۔ ادھر چینی حکام نے نیٹو اتحاد پر بدنیتی سے حملہ کرنے اور چین کو بدنام کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق ماحولیاتی تبدیلیوں اور سائبر حملوں کے ساتھ دنیا اس وقت بڑی عالمی طاقتوں کے مابین مقابلے کے خطرناک مرحلے میں پھنس چکی ہے۔ نیٹو حکام نے سوئیڈن اور فن لینڈ کو باقاعدہ طور پر اتحاد میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ اگر 30رکنی اتحاد نے ان دونوں ممالک کو رکنیت فراہم کر دی تو نیٹو کو روس کے ساتھ 800 میل کی سرحد مل جائے گی۔