جب درکار ہوگا شہباز شریف عدالت پیش ہونے کے پابند ہونگے، تحریری فیصلہ

July 03, 2022

لاہور(وقائع نگار خصوصی) احتساب عدالت نے وزیراعظم شہباز شریف کی رمضان شوگر ملز ریفرنس میں مستقل حاضری سے استثنیٰ کا تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب درکار ہوگا شہباز شریف عدالت پیش ہونے کے پابند ہونگے ۔ تین صفحات پر مشتمل حکمنامے میں احتساب عدالت کے جج محمد ساجد علی اعوان نے فیصلہ دیا کہ شہباز شریف 2021ء سے باقاعدگی سے عدالت میں پیش ہوتے رہے ہیں، اب شہباز شریف وزیر اعظم پاکستان بن چکے ہیں اور آئینی ذمے داریاں ادا کرنی ہیں ، یہ حقیقت ہے کہ شہباز شریف کا ہر پیشی پر عدالت پیش ہونا مشکل ہے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کی غیر موجودگی میں ٹرائل میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوگی، تمام حقائق اور حالات کے پیش نظر شہباز شریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کی جاتی ہے تاہم شہباز شریف کا ذاتی حیثیت میں جب پیش ہونا عدالت کو درکار ہوگا تو وہ پیش ہونے کے پابند ہوں گے عدالت نے شہباز شریف کی جانب سے ان کے نمائندے محمد نواز ایڈووکیٹ کو حاضری کے لیے مقرر کرلیا۔