ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرینگے،الیکشن کمیشن کا پنجاب حکومت کو پیغام

July 03, 2022

اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ )الیکشن کمیشن نے پنجاب حکومت کو پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی ، تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر نے صوبائی حکومت کو بذریعہ چیف سیکریٹری اہم پیغام دیا ہے۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے صوبائی حکومت کو بذریعہ چیف سیکریٹری اہم پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پر واضح کر دیں کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پبلک آفس ہولڈر اگر خلاف ورزی کرے تو سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی، خلاف ورزی کی صورت میں الیکشن سے نااہلی اور فوجداری کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ امن و امان قائم رکھنا، پولنگ میٹیریل اور انتخابی عملہ کی سیکیورٹی صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے، آپ کا رول اہم ہے، آپ ریاست کے ملازم ہیں، بغیر سیاسی دباؤ کے کام کریں، ہم بلا امتیاز کارروائیاں کر رہے ہیں۔